اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے ایران اور خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سفارتکاری اور مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ایران کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی مستقل مندوب نے کہا کہ پاکستان ایران اور خطے کی مجموعی صورتِ حال کا قریبی جائزہ لے رہا ہے اور تمام تنازعات کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے۔
پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے بیرونی مداخلت کو اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام تنازعات کو پُرامن طریقے اور عالمی قوانین کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مستحکم ایران نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ایران کی صورتحال جلد معمول پر آ جائے گی اور بیرونی دباؤ کے ساتھ ساتھ اندرونی ہنگامہ آرائی کا بھی خاتمہ ہوگا۔ پاکستانی مندوب نے واضح کیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔

