تھائی لینڈ میں جاری ساف فٹسال چیمپئن شپ کے مینز ایونٹ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے دوسرے میچ میں بھوٹان کو شکست دے کر انٹرنیشنل فٹسال میں پہلی تاریخی کامیابی حاصل کر لی۔
بنکاک کے انڈور اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا رہا، جہاں بھوٹان کے کھلاڑی داوا شیرنگ نے کھیل کے ابتدائی لمحات میں یکے بعد دیگرے دو گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو 0-2 کی برتری دلا دی۔ ابتدائی برتری کے باوجود بھوٹان کی ٹیم پاکستان کے دباؤ کو زیادہ دیر برقرار نہ رکھ سکی۔
دو گول کے خسارے کے بعد پاکستان نے شاندار فائٹ بیک کیا اور میچ میں واپسی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ 28ویں منٹ میں حسن ظفر نے خوبصورت گول اسکور کر کے پاکستان کا پہلا گول کیا اور خسارے کو کم کیا۔ اس کے بعد 32ویں منٹ میں آصف احمد چوہدری نے گول کر کے مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا، جس سے میچ میں سنسنی مزید بڑھ گئی۔
پاکستان کی جانب سے مسلسل دباؤ جاری رہا اور 34ویں منٹ میں عدنان اشفاق نے گول کر کے ٹیم کو 2-3 کی برتری دلائی۔ صرف ایک منٹ بعد، 35ویں منٹ میں عدنان اشفاق نے ایک اور شاندار گول اسکور کر کے پاکستان کی برتری کو 2-4 تک پہنچا دیا، جو آخر تک برقرار رہی۔
یوں پاکستان نے بھوٹان کو 2-4 سے شکست دے کر نہ صرف میچ اپنے نام کیا بلکہ انٹرنیشنل فٹسال میں اپنی تاریخ کی پہلی فتح بھی حاصل کر لی۔ یہ کامیابی پاکستانی فٹسال کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ ایونٹ کے پہلے میچ میں پاکستان کو مالدیپ کے ہاتھوں 1-7 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم دوسرے میچ میں شاندار کم بیک نے ٹیم کے حوصلے بلند کر دیے ہیں۔
ادھر گزشتہ روز ساف فٹسال چیمپئن شپ میں پاکستان ویمنز فٹسال ٹیم نے بھی سری لنکا کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی، جس سے قومی فٹسال کے لیے مثبت پیغام سامنے آیا۔
میز ایونٹ میں پاکستان مینز ٹیم اپنا اگلا میچ 18 جنوری کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی، جہاں ٹیم اس فتح کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی۔

