رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں پولیس کی جانب سے کیے گئے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران سیکھانی اور کوش گینگ سے تعلق رکھنے والے 10 مسلح ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیے۔
ڈی پی او رحیم یار خان کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان اغوا برائے تاوان، ڈکیتی، لوٹ مار اور پولیس کے ساتھ مقابلوں جیسے سنگین جرائم میں مطلوب تھے اور طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔
ڈی پی او عرفان سموں نے بتایا کہ کچے کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے، جس کے نتیجے میں پولیس نے اہم پیش رفت حاصل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک علاقے میں مکمل امن قائم نہیں ہو جاتا۔
پولیس کے مطابق ہتھیار ڈالنے والے ڈاکوؤں سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے، جب کہ مزید گرفتاریوں کے لیے سرچ آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔ کچے کے علاقے میں امن و امان کی بحالی کے لیے پولیس، رینجرز اور دیگر ادارے مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت کارروائیاں کر رہے ہیں۔

