پاکستان سپر لیگ کے انتظامی ڈھانچے میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
ٹورنامنٹ کے گیارہویں ایڈیشن میں کھلاڑیوں کی سلیکشن اب ڈرافٹ کے بجائے آکشن کے ذریعے کی جائے گی۔ آکشن سسٹم متعارف کرانے کا مقصد ٹیموں کو زیادہ متوازن بنانا اور کھلاڑیوں کو زیادہ کمائی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
نئے ایڈیشن میں مینٹورز، برانڈ ایمبیسڈر اور رائٹ ٹو میچ قوانین کو ختم کر دیا گیا ہے۔ آکشن سے قبل ہر فرنچائز کو مجموعی طور پر چار کھلاڑی ریٹین کرنے کی اجازت ہوگی، تاہم ہر کیٹیگری سے زیادہ سے زیادہ ایک ہی کھلاڑی کو برقرار رکھا جا سکے گا۔
نئی شامل ہونے والی دونوں ٹیموں کو بھی آکشن سے قبل چار چار کھلاڑی منتخب کرنے کا موقع دیا جائے گا، جبکہ ہر فرنچائز کو ایک انٹرنیشنل کھلاڑی کو ڈائریکٹ سائن کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔
ڈائریکٹ سائننگ کے لیے اہل بین الاقوامی کھلاڑی کے لیے لازمی شرط یہ ہوگی کہ وہ پی ایس ایل 2025 ایڈیشن کا حصہ نہ رہا ہو۔
واضح رہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا 11واں ایڈیشن 26 مارچ سے شروع ہوگا۔ اس سیزن کے کچھ میچز پہلی بار اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں بھی کھیلے جائیں گے۔

