مالی سال 25-2024 کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کو حکومت کی جانب سے دیے گئے کیش انعامات کی تفصیلات پارلیمنٹ میں پیش کر دی گئیں۔
حکومتی دستاویزات کے مطابق حکومت کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کو مجموعی طور پر 20 کروڑ 64 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کے کیش انعامات دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ایتھلیٹ اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو 15 کروڑ 20 لاکھ روپے کا انعام دیا گیا، جبکہ ان کے کوچ سلمان اقبال بٹ کو ایک کروڑ 6 لاکھ روپے انعام ملا۔ اسی طرح ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ جیتنے والے محمد آصف کو 25 لاکھ روپے کا کیش انعام دیا گیا۔
ایشین انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیتنے والے احسن رمضان کو 5 لاکھ روپے انعام دیا گیا۔ سارک اسنوکر چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے پر محمد آصف کو 5 لاکھ روپے جبکہ محمد نسیم اختر کو کانسی کا تمغہ جیتنے پر ایک لاکھ روپے انعام ملا۔
ساؤتھ ایشین ریجنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ جیتنے پر مختلف کھلاڑیوں میں مجموعی طور پر 14 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کے انعامات تقسیم کیے گئے۔
اسپیشل اولمپکس ورلڈ ونٹر گیمز میں مختلف میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو 30 لاکھ 50 ہزار روپے کے کیش انعامات سے نوازا گیا۔
ایشین جونئیر اسکواش چیمپئن شپ جیتنے پر مختلف قومی کھلاڑیوں کو 17 لاکھ 50 ہزار روپے کے انعامات دیے گئے، جبکہ ورلڈ انڈر 23 انفرادی اسکواش چیمپئن شپ جیتنے پر مختلف کھلاڑیوں میں 75 لاکھ روپے کے کیش انعامات تقسیم کیے گئے۔
اسی طرح ایشین اوپن عالمی ٹائیک وونڈو چیمپئن شپ میں مختلف میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو مجموعی طور پر ایک کروڑ 15 لاکھ روپے کے انعامات دیے گئے۔

