کراچی: ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگی آگ کے دوران انتقال کر جانے والے ایک شہری کا مبینہ آڈیو پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔
گل پلازہ میں لگی آگ کو 33 گھنٹے بعد مکمل طور پر بجھا دیا گیا، جبکہ سرچ آپریشن کے دوران مزید 8 افراد کی لاشیں نکالی گئیں، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہو گئی۔
گل پلازہ میں آگ ہفتے کی رات سوا 10 بجے کے قریب لگی، جو گراؤنڈ فلور سے دیکھتے ہی دیکھتے تیسری منزل تک پھیل گئی۔ خوفناک آتشزدگی سے عمارت کے کئی حصے بھی گر گئے۔
اسی دوران سوشل میڈیا پر ایک آڈیو پیغام سامنے آیا، جس کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ یہ گل پلازہ میں پھنسے ایک شہری کا ہے، جو اپنے اہلخانہ کو صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے معافی مانگ رہا ہے۔
شہری نے آڈیو میں کہا: "السلام علیکم، میں چاروں اطراف سے پھنس چکا ہوں، بہت خطرناک قسم کی آگ لگی ہے، میرا نکلنا بہت مشکل ہوگیا ہے، مجھ سے کوئی غلطی یا کوتاہی ہوئی ہو تو مجھے معاف کردینا”۔
آڈیو میں کھانسنے کی آواز کے ساتھ ساتھ "دروازہ توڑو” اور "کھڑکی توڑو” کی آوازیں بھی سنی جا سکتی ہیں۔
تاہم، آڈیو بھیجنے والے شخص کی فی الحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

