پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
شعیب ملک نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا کہ پی ایس ایل کے 10 سالہ کیریئر میں آن اور آف دی فیلڈ ہر لمحے سے بھرپور لطف اندوز ہوا ہوں، تاہم اب وقت آ گیا ہے کہ اس سفر کو یہیں ختم کروں۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کی بہتری کے لیے مستقبل میں بھی میری خدمات ہمیشہ حاضر رہیں گی اور وہ پاکستان کرکٹ کے لیے کسی بھی کردار میں کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔
خیال رہے کہ شعیب ملک نے 2015 میں ٹیسٹ کرکٹ جبکہ 2019 میں ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ اگرچہ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے باقاعدہ ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا، تاہم 44 سالہ آل راؤنڈر 2021 کے بعد سے قومی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر رہے تھے، البتہ وہ پی ایس ایل اور دیگر عالمی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں مسلسل کھیلتے رہے۔
شعیب ملک پی ایس ایل کے اب تک منعقد ہونے والے تمام 10 سیزن میں شریک رہے، جو ایک منفرد اعزاز ہے۔ انہوں نے لیگ میں کراچی کنگز، ملتان سلطانز، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کی، جبکہ 2025 میں انہوں نے اپنا آخری پی ایس ایل سیزن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کھیلا تھا۔

