دوحہ میں جاری ایشین شاٹ گن چیمپئن شپ کے ٹریپ ایونٹ میں پاکستان کے کرنل فرخ ندیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیت لیا اور نیا ورلڈ ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔ یہ پاکستان کی جانب سے ایشین سطح پر شوٹ گن مقابلوں میں پہلا گولڈ میڈل ہے۔
پاکستانی شوٹر کرنل فرخ ندیم نے ایشین شاٹ گن چیمپئن شپ کے انفرادی ٹریپ مقابلوں میں سونے کا تمغہ اپنے نام کیا، جس کے ساتھ ہی انہوں نے عالمی ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق کرنل فرخ ندیم نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں 125 میں سے 119 ٹارگٹس ہٹ کیے، جبکہ فائنل راؤنڈ میں 30 میں سے 27 کا شاندار اسکور حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
پاکستان شوٹنگ فیڈریشن کے مطابق ایشین شاٹ گن چیمپئن شپ نئے فارمیٹ کے تحت منعقد کی جا رہی ہے، اسی لیے کرنل فرخ ندیم کی یہ کارکردگی باضابطہ طور پر نیا عالمی ریکارڈ قرار پائے گی۔
پاکستان شوٹنگ فیڈریشن نے اس تاریخی کامیابی پر کرنل فرخ ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی پاکستانی شوٹنگ اسپورٹس کے لیے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

