کراچی: سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق مزید 3 افراد کی لاشوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔
ریسکیو اور انتظامیہ کے مطابق سانحے میں شناخت کی جانے والی لاشوں کی مجموعی تعداد 11 ہو گئی ہے۔ حالیہ شناخت ہونے والی لاشیں محمد شہروز، محمد رضوان اور مریم کی ہیں، جن کی میتیں اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق دیگر جاں بحق افراد میں کاشف، مصباح، عامر، فراز، فاروق، فرقان، محمد علی اور تنویر شامل ہیں، جن کی شناخت پہلے ہی مکمل کی جا چکی ہے۔
واضح رہے کہ سانحہ گل پلازہ میں اب تک 28 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ 17 لاشیں تاحال ناقابلِ شناخت ہیں۔ شناخت کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے 50 خاندانوں کے ڈی این اے نمونے موصول ہو چکے ہیں، جن کی جانچ جاری ہے۔
فائر آفیسر کے مطابق تہہ خانے کے اوپن ایریا کی سرچ مکمل کر لی گئی ہے جہاں سے کوئی لاش نہیں ملی، تاہم تہہ خانے کا وہ حصہ جو دب چکا ہے اس کی تلاش ابھی باقی ہے۔ اس کے علاوہ عمارت کے دوسرے اور تیسرے فلور کو بھی کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔
دوسری جانب سانحہ گل پلازہ کی وجوہات جاننے کے لیے قائم تحقیقاتی کمیٹی نے باضابطہ طور پر کام شروع کر دیا ہے، جو آگ لگنے کے اسباب اور ممکنہ غفلت کا جائزہ لے رہی ہے۔

