لیہ:ہسپتال کے شعبہ جات اور طبی سہولیات، عملے کی حاضری چیک کی
لیہ(نیوز رپورٹر ) سی ای او صحت ڈاکٹرشاہدریاض نےٹی ایچ کیو لیول ہسپتال چوک اعظم کا دورہ کیا۔انہوں نے اس موقع پرہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور طبی سہولیات کی فراہمی، ادویات کی دستیابی، طبی آلات، عملے کی حاضری، صفائی ستھرائی اور مریضوں کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد ریاض نے ایمرجنسی، او پی ڈیز، ان ڈور وارڈز، نان کمیونیکیبل ڈیزیز کلینکس، ویمن ویل کلینک، ہیپاٹائٹس کلینک، شعبہ اطفال، لیبر روم، فارمیسی، لیبارٹری اور میڈیسن اسٹور کابھی معائنہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور فراہم کی جانے والی ادویات و علاج معالجے سے متعلق آگاہی حاصل کی، جس پر مریضوں نے ہسپتال میں دی جانے والی سہولیات اور علاج پر اطمینان کا اظہار کیا۔
سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد ریاض نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو معیاری علاج ان کی دہلیز پر میسر آ سکے۔ انہوں نے مجموعی طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال چوک اعظم کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔
