لیہ:اجلاس میں ضلع بھر کے تمام پیٹرول پمپس پر جدید طرز کے ایگزیکٹو ٹوائلٹس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا
لیہ (نیوز رپورٹر) ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر کی زیر صدارت ضلع بھر کے پیٹرول پمپس پر ایگزیکٹو ٹوائلٹس کی تعمیر کے سلسلے میں جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر، ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز عاشق حسین اور پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوام کو صاف، معیاری اور باعزت سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اسی مقصد کے تحت ضلع بھر کے تمام پیٹرول پمپس پر جدید طرز کے ایگزیکٹو ٹوائلٹس کا قیام یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹوائلٹس کی صفائی، دیکھ بھال اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور مقررہ ٹائم لائن کے مطابق کام مکمل کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے پیٹرول پمپ مالکان کو اس اقدام میں بھرپور تعاون کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ عوامی سہولت اور مثبت امیج کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون کرے گی اور در پیش مسائل کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اجلاس میں پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے منصوبے کو کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
