پنجاب میں ای ٹریفک چالان کے نام پر شہریوں کو لوٹنے والی جعلی ویب سائٹس بلاک کر دی گئی ہیں۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق ٹریفک ای چالان کے نام پر کام کرنے والی 100 سے زائد جعلی ویب سائٹس کو بلاک کر دیا گیا ہے، جو شہریوں سے غیر قانونی طور پر آن لائن ادائیگیاں وصول کر رہی تھیں۔
اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صرف تصدیق شدہ اور سرکاری ویب سائٹس کے ذریعے ہی ای چالان کی ادائیگی کریں اور کسی بھی مشکوک یا غیر مصدقہ ویب سائٹ پر پیسے نہ بھیجیں۔ اس اقدام سے شہریوں کو دھوکہ دہی سے بچانے اور آن لائن مالی تحفظ یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ ای چالان سسٹم کے نفاذ کے بعد دستی چالان کا سلسلہ ختم ہو چکا ہے اور شہری اب ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر آن لائن جرمانے ادا کر سکتے ہیں۔

