آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلادیشی ٹیم کے بھارت نہ جانے کے معاملے پر بنگلادیش کے اسپورٹس ایڈوائزر ڈاکٹر آصف نذرل نے بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو بلا لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ملاقات میں ڈاکٹر آصف نذرل کھلاڑیوں کو موجودہ صورتحال سے آگاہ کریں گے اور ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے حکومت کی پوزیشن واضح کریں گے۔ ملاقات آج سہہ پہر ہو گی، جس میں کھلاڑیوں کی رائے جاننے کے ساتھ ممکنہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اس میٹنگ کا مقصد کھلاڑیوں اور حکام کے درمیان افہام و تفہیم پیدا کرنا اور موجودہ بحران کا حل تلاش کرنا ہے۔ کچھ کھلاڑی اس معاملے کو باہمی مشاورت اور سمجھوتے سے حل کرنے کے حق میں ہیں تاکہ ٹیم اور ملک کے مفاد میں درست فیصلہ کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز بھارت میں ہی کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور بنگلادیش کی جانب سے اس حوالے سے تحفظات کو مسترد کر دیا گیا ہے۔

