امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو جوہری پروگرام کے حصول کے حوالے سے ایک بار پھر خبردار کیا ہے۔
امریکی میڈیا سی این بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو اپنی جوہری سرگرمیاں فوری طور پر بند کرنی ہوں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ایران نے جوہری پروگرام دوبارہ بحال کیا تو امریکا کارروائی کرنے پر مجبور ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ماضی میں امریکا کی کارروائیوں نے ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکا۔ ان کے مطابق اگر امریکا نے ایران کے ایٹمی نظام کو نشانہ نہ بنایا ہوتا تو ایران دو ماہ کے اندر ہی ایٹمی ہتھیار حاصل کر لیتا۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش فوری طور پر ترک کر دینی چاہیے اور ساتھ ہی امید ظاہر کی کہ ایران کے خلاف مزید کسی کارروائی کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
امریکی صدر نے انٹرویو کے دوران ایران میں انسانی حقوق کی صورتحال کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ وہاں سڑکوں پر اندھا دھند لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ تاہم، ان کے فوجی کارروائی کی دھمکی کے بعد ایرانی حکام نے سینکڑوں افراد کو پھانسی دینے کے ارادے کو ترک کر دیا۔

