سعودی عرب میں کھیلے گئے فیسٹول ڈبل وکٹ میچ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 رنز سے شکست دے دی۔
شعیب ملک اور عمران نذیر پر مشتمل پاکستان ٹیم نے عرفان پٹھان اور اسٹورٹ بنی کی قیادت میں کھیلنے والی بھارتی ٹیم کو سخت مقابلے کے بعد زیر کر لیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 4 اوورز میں 56 رنز اسکور کیے۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم مقررہ اوورز میں 51 رنز ہی بنا سکی اور یوں پاکستان نے میچ اپنے نام کر لیا۔ میچ کے آخری لمحات میں مقابلہ انتہائی دلچسپ رہا، تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے فتح سمیٹ لی۔
میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان خوشگوار ماحول دیکھنے میں آیا، جہاں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا جبکہ عرفان پٹھان اور شعیب ملک ایک دوسرے سے گلے بھی ملے، جس پر شائقینِ کرکٹ نے کھیل کی اس اسپورٹس مین اسپرٹ کو سراہا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اس سے قبل ایونٹ میں سری لنکا اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو بھی شکست دی تھی۔ پاکستان ٹیم نے مسلسل تینوں میچز جیت کر ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے اور اب ٹائٹل کے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آ گئی ہے۔

