سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہونے والی غیر رسمی گفتگو اور سرگوشیاں تقریب کے دوران توجہ کا مرکز بن گئیں۔
جمعرات کو پاکستان سمیت مختلف ممالک نے ڈیووس میں غزہ بورڈ آف پیس معاہدے پر دستخط کیے۔ اس اہم تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی شرکت کی، جبکہ پاکستان کی جانب سے معاہدے پر دستخط وزیراعظم شہباز شریف نے کیے۔
تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان خوشگوار موڈ میں گفتگو ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں کی باہمی سرگوشیاں نمایاں رہیں اور عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔
اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا مسکراہٹ کے ساتھ خیرمقدم بھی کیا، جسے سفارتی حلقوں میں مثبت اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ڈیووس میں ہونے والی اس تقریب کے دوران پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت عالمی رہنماؤں کی خاص توجہ کا مرکز بنی رہی۔ غیر ملکی مندوبین اور رہنماؤں نے پاکستان کے کردار کو اہم قرار دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت پر وہ تمام ممالک کے شکر گزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بورڈ آف پیس کے حوالے سے اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں اور ممالک کے ساتھ کام جاری رکھا جائے گا۔

