فیفا کے صدر جیانی ان فینٹینو نے پاکستان جلد دورہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جسے ملکی فٹبال کے لیے ایک اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے فیفا صدر نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی پاکستان آنے کا وعدہ کیا تھا، جسے وہ پورا کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دورہ ان کے لیے خوشی کی بات ہوگا۔
جیانی ان فینٹینو نے کہا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن میں نئی قیادت آئی ہے اور نئے صدر نہایت زبردست کام کر رہے ہیں، جس کے باعث پاکستان فٹبال کے معاملات میں بہتری آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فٹبال کے حوالے سے ایک عظیم ملک ہے اور یہاں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔
فیفا صدر کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ پاکستان ایشیا کی مضبوط فٹبال ٹیموں میں شامل ہو اور اس مقصد کے لیے فیفا پاکستان کے ساتھ مل کر کام بھی کر رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے برسوں میں پاکستان فٹبال میں نمایاں پیش رفت دیکھنے کو ملے گی۔

