کراچی میں سردی کی شدت میں اضافے کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید سرد موسم کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مجموعی طور پر کم سے کم درجہ حرارت 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 3.5 ڈگری کم ہے۔ سردی کی اس لہر نے شہر کے مختلف علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جناح ٹرمینل اور اس کے اطراف کے علاقے سب سے زیادہ سرد رہے، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 6.2 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ اس کے علاوہ بن قاسم میں درجہ حرارت 8.6 ڈگری سینٹی گریڈ، گلستانِ جوہر میں 8.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شارع فیصل اور ماڑی پور میں پارہ 9.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔
کراچی میں شدید سردی کی لہر، پارہ 6 ڈگری تک گرگیا
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کل سے ملک کے مغربی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث پیر سے یہ ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار اور پیر کو بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ 26 جنوری کو بالائی سندھ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
مزید برآں پیر اور منگل کے دوران گلگت بلتستان، کشمیر اور چترال میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

