ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں ایران مخالف قرارداد کے خلاف ووٹ دینے پر پاکستان سے تشکر کا اظہار کیا ہے۔
ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے یو این انسانی حقوق کونسل میں ایران مخالف قرارداد کے خلاف ووٹ دے کر ایران کے حق میں ایک اصولی اور جرات مندانہ مؤقف اختیار کیا، جو دوطرفہ تعلقات اور اصولی سفارت کاری کی مضبوط مثال ہے۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی قیادت میں پاکستان کے کردار کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عالمی فورم پر انصاف اور حق کی حمایت کی ہے۔
ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایران کے خلاف غیر منصفانہ قرارداد پر ووٹنگ کا مطالبہ کر کے ایک جرات مندانہ اور ذمہ دارانہ اقدام کیا، جو بین الاقوامی قوانین اور خودمختاری کے اصولوں کے عین مطابق ہے۔
رضا امیری مقدم کے مطابق 12 روزہ جارحیت، بیرونی حمایت یافتہ ہنگامے اور عالمی اداروں کے غلط استعمال کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں، جبکہ ایران کے خلاف سیاسی اور بلاجواز اقدامات کو مسلسل تیسری بار ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی حمایت انصاف، انسانی حقوق، کثیرالجہتی نظام اور قومی خودمختاری سے وابستگی کی واضح عکاس ہے، اور ایران اس اصولی اور مستقل حمایت کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے یاد رکھے گا۔

