ایف بی آر کسٹمز ویلیو ایشن نے بیرون ملک سے درآمد کیے گئے پرانے موبائل فونز کی نظرثانی شدہ کسٹم ویلیو جاری کر دی ہے، جس سے صارفین کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
نئے اور کم ریٹس کے باعث چار بڑے برانڈز کے مجموعی طور پر 62 ماڈلز پر عائد پی ٹی اے ٹیکس میں کمی واقع ہوگی۔ ذرائع کے مطابق، نئے ویلیوایشن ریٹس کے تحت ایک معروف برانڈ کے فونز کی کسٹمز ویلیو میں 32 فیصد سے لے کر 89 فیصد تک کمی کی گئی ہے، جس سے پرانے موبائل فونز کی درآمد صارفین کے لیے زیادہ سستی ہو جائے گی۔
ویلیوایشن حکام کے مطابق سابقہ طریقہ کار میں قیمتیں بڑھا چڑھا کر دکھانے، انڈر انوائسنگ اور استعمال شدہ فونز کی گریڈنگ کی وجہ سے کلیئرنس میں تاخیر ہوتی تھی، جس کا بوجھ آخر کار صارفین پر پڑتا تھا۔ نئے ریٹس کے نفاذ سے کلیئرنس کا عمل تیز اور شفاف ہوگا، جبکہ صارفین کو اضافی مالی دباؤ سے بھی نجات ملے گی۔

