محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں آج سے شدید بارشوں اور برف باری کے نئے سلسلے کا آغاز ہونے والا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 27 جنوری تک دونوں صوبوں میں مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کی آمد متوقع ہے، جس سے کئی علاقوں میں موسمی حالات شدید متاثر ہو سکتے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان میں شدید بارش اور برف باری کی توقع ہے، جبکہ ہری پور، پشاور، مردان، نوشہرہ اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ناران، کاغان، کالام اور چترال میں برف باری سے سڑکیں بند ہونے اور پھسلن کا خدشہ موجود ہے۔ حکام نے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کے بھی خطرات کی نشاندہی کی ہے۔
بلوچستان میں بھی شدید بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ سیف اللہ اور قلعہ عبداللہ میں مزید برف باری متوقع ہے، جبکہ گوادر، خضدار، آواران، چاغی، پنجگور اور کیچ میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں قلات، سوراب، ژوب، خاران، مستونگ، واشک، نوشکی اور موسیٰ خیل میں بھی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آنے والے دنوں میں محتاط رہیں، برف باری اور شدید بارش کے دوران بلا ضرورت سفر سے گریز کریں اور بالائی علاقوں میں ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کے خطرات سے باخبر رہیں۔

