آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی کے لیے پاکستان انڈر 19 ٹیم کو آج سخت امتحان کا سامنا ہے، جہاں گرین شرٹس سپر سکس مرحلے میں نیوزی لینڈ کے خلاف میدان میں اتریں گے۔
سپر سکس مرحلے میں پاکستان کے لیے ہر میچ انتہائی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ گرین شرٹس یکم فروری کو روایتی حریف بھارت کے خلاف بھی مدِمقابل آئیں گے۔ سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان ٹیم کو سپر سکس کے دونوں میچز جیتنے کے ساتھ ساتھ اپنا رن ریٹ بھی نمایاں طور پر بہتر بنانا ہوگا۔
پہلے مرحلے کے اختتام پر پاکستان ٹیم دو میچز کھیل کر دو پوائنٹس کے ساتھ سپر سکس مرحلے میں پہنچی، جب کہ بھارت اور انگلینڈ نے دو دو میچز میں چار چار پوائنٹس حاصل کیے ہوئے ہیں۔ پوائنٹس کے ساتھ ساتھ بھارت اور انگلینڈ کا نیٹ رن ریٹ بھی پاکستان سے بہتر ہے، جس کے باعث گرین شرٹس کو کوالیفکیشن کے لیے اضافی دباؤ کا سامنا ہے۔
انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم نے زمبابوے کو شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی تھی، تاہم اب سیمی فائنل کی راہ مزید کٹھن ہو گئی ہے اور ہر میچ فیصلہ کن حیثیت اختیار کر چکا ہے۔
ایونٹ کے تمام میچز شائقین کرکٹ کے لیے جیو سوپر اور ڈیجیٹل ایپ مائیکو پر براہ راست نشر کیے جا رہے ہیں، جہاں کرکٹ شائقین نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

