پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے کمنٹری پینل کا اعلان کر دیا ہے۔
اس سیریز میں سابق آسٹریلوی ٹیسٹ اوپنر سائمن کیٹچ بطور کمنٹیٹر فرائض انجام دیں گے، جو اس سے قبل مارچ 2022 میں بھی پاکستان میں آسٹریلوی ٹیم کے تاریخی دورے کے دوران تین ٹیسٹ میچوں میں کمنٹری کر چکے ہیں۔
کمنٹری پینل میں سائمن کیٹچ کے ساتھ سابق پاکستانی ٹیسٹ کپتان عامر سہیل، رمیز راجہ اور سابق ٹیسٹ بلے باز بازید خان شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ سابق کپتان پاکستان ویمنز ٹیم عروج ممتاز بھی پانچ رکنی کمنٹری ٹیم کا حصہ ہوں گی۔
پی سی بی کے مطابق زینب عباس پچ سائیڈ سیگمنٹ کی میزبانی کریں گی، جہاں ناظرین کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہونے والے تینوں میچز کے پری اور پوسٹ میچ شوز کے دوران ماہرین کی تفصیلی تجزیاتی گفتگو دیکھنے کو ملے گی۔
سیریز کی ہائی ڈیفینیشن نشریات 28 کیمروں کی مدد سے کی جائیں گی، جن میں بگی کیم بھی شامل ہوگا، جبکہ ڈی آر ایس ٹیکنالوجی کے تحت ہاک آئی اور الٹرا ایج کا استعمال بھی کیا جائے گا۔
سیریز کا آغاز کل سے ہوگا، جب کہ دوسرے اور تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ بالترتیب 31 جنوری اور یکم فروری کو شیڈول ہیں۔ تمام میچز کی پہلی گیند شام 4 بجے (پاکستانی وقت) کروائی جائے گی۔

