پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکارہ لائبہ خان کا نکاح ہوگیا ہے۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنی دعائے خیر کے ساتھ نکاح کی تصاویر شیئر کیں، جس پر صارفین اور نامور فنکاروں نے انہیں مبارکبادیں پیش کیں۔ دعائے خیر کی تقریب کے لیے لائبہ خان نے ہلکے موو پنک رنگ کا نفیس فل لینتھ انارکلی لباس زیب تن کیا، جس پر باریک سنہری اور تلہ کا کام کیا گیا تھا۔
ڈرامہ سیریل مہرہ کی اداکارہ نے دلہن کے روپ کو خوبصورت سنہری روایتی موتیوں کے لاکٹ، جھومر اور جھمکوں سے مکمل کیا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی پوسٹ کے مطابق ان کا نکاح بابرکت شہر مدینہ منورہ میں ہوا۔ اگرچہ لائبہ خان نے اپنے دولہا سے متعلق تفصیلات شیئر نہیں کیں، تاہم تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کے دولہا کا نام جواد ہے۔

