امریکا میں شدید برفباری نے نظام زندگی مفلوج کر دیا ہے اور مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 65 تک پہنچ گئی۔
مشرقی امریکہ میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا، شکاگو میں منفی 14 اور کلیولینڈ میں منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ٹینیسی اور مسیسیپی میں وقفے وقفے سے ہونے والی شدید برفباری کے باعث ایک لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہیں۔
برفانی طوفان کے بعد فضائی سفر بھی متاثر رہا۔ بدھ کے روز امریکن ائیر لائنز کی 653 پروازیں منسوخ اور 1077 پروازیں تاخیر کا شکار رہیں، جبکہ ڈیلس فورٹ ورتھ ائیرپورٹ پر بھی برفباری اور بارش سے آپریشن شدید متاثر ہوا۔ امریکی ائیرلائنز نے اپنے عملے کو اضافی شفٹس کرنے پر ڈبل تنخواہ کی پیشکش بھی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نیو یارک اور نیو جرسی میں شدید سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے اور یہ سردی اگلے ہفتے تک برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

