گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سانحہ گل پلازہ کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے لیے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو خط لکھ دیا ہے۔
گورنر سندھ نے اپنے خط میں کہا کہ 17 جنوری کو گل پلازہ میں آتشزدگی کے نتیجے میں ناقابل تلافی جانی نقصان ہوا، جو ایک انتہائی سنگین اور تشویشناک واقعہ ہے۔ خط میں اس سانحے کی شفاف، آزادانہ اور قابل اعتماد تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جوڈیشل انکوائری کے ذریعے آگ لگنے کی اصل وجوہات، عمارت میں موجود ممکنہ ریگولیٹری خامیاں اور حفاظتی انتظامات کی صورتحال سامنے آنی چاہیے۔ گورنر سندھ نے زور دیا کہ اگر اس واقعے میں کسی فرد یا ادارے کی غفلت یا قانونی خلاف ورزی ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کی واضح نشاندہی کی جائے۔
خط میں یہ بھی کہا گیا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام سے نہ صرف احتساب ممکن ہوگا بلکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔ گورنر سندھ نے امید ظاہر کی کہ عدلیہ کی نگرانی میں قائم انکوائری عوام کا اعتماد بحال کرے گی اور قانون کے مطابق انصاف کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ انہوں نے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے لیے اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے اور سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کے ساتھ ہر وقت کھڑے رہیں گے۔

