ایران کے سفیر رضا امیری مقدم کا بیان: ایران پر حملہ پوری مسلم دنیا پر حملہ ہوگا
پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو یہ صرف ایران پر نہیں بلکہ پوری مسلم دنیا پر حملہ تصور ہوگا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے واضح کیا کہ ایران جنگ نہیں چاہتا اور ابھی بھی امید ہے کہ صورتِ حال جنگ کی طرف نہیں جائے گی۔
ایرانی سفیر نے ایران میں حالیہ پرتشدد مظاہروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد کارروائیوں کے دوران بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔ ان پرتشدد واقعات میں 2 ہزار سکیورٹی اہلکاروں سمیت 3 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔
رضا امیری مقدم نے کہا کہ کاروائیوں میں 690 دہشتگرد بھی مارے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور امریکا کے مطالبات قابل قبول نہیں ہیں۔
ایرانی سفیر نے پاکستانی حکومت کی طرف سے ایران کی حمایت پر تشکر کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی قیادت میں پاکستان نے اصولی موقف اپنایا اور کشیدگی میں کمی کے لیے مخلصانہ کردار ادا کیا۔
رضا امیری مقدم نے جنیوا میں پاکستان کے مستقل مشن کی پیشہ ورانہ کاوشوں کو بھی قابلِ ستائش قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کی یہ حمایت ایران ہمیشہ قدر اور احترام کے ساتھ یاد رکھے گا۔

