ایرانی فوج کا سخت مؤقف: کسی بھی نئے حملے کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا
ایرانی فوج نے دوٹوک الفاظ میں واضح کر دیا ہے کہ کسی بھی نئے حملے کی صورت میں فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ ممکنہ حملے سے نمٹنے کے لیے فوجی منصوبے اور احکامات پہلے ہی جاری کر دیے گئے ہیں۔
فوجی ترجمان نے خبردار کیا کہ اگر دشمن نے ایک بار پھر کسی احمقانہ عمل کا ارتکاب کیا تو ایران بلا تاخیر ردعمل دے گا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے اور طیارہ بردار جہاز ایران کے ممکنہ اہداف ہو سکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق یہ فوجی اڈے ایران کے درمیانے فاصلے کے میزائلوں کی رینج میں ہیں اور اس حوالے سے تمام ضروری منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے۔ ایرانی فوجی قیادت کا کہنا ہے کہ ملک کا دفاع اور کسی بھی جارحیت کا مؤثر جواب دینا ایران کی اولین ترجیح ہے۔

