میانوالی میں سی ٹی ڈی اور دہشتگردوں کے تبادلے میں 6 دہشتگرد ہلاک
میانوالی میں چاپڑی ڈیم کے قریب کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشتگرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے چاپڑی ڈیم کے قریب چھاپہ مارا گیا تھا، اور اسی دوران دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی۔
ترجمان نے بتایا کہ 6 خطرناک دہشتگرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے جبکہ 8 دہشتگرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
سی ٹی ڈی حکام نے مزید بتایا کہ دہشتگردوں سے ایک خودکش جیکٹ، 3 دستی بم، 3 ایس ایم جیز، 200 گولیاں اور بارودی مواد برآمد کیا گیا ہے۔ ہلاک دہشتگردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ فرار ہونے والے دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

