قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ وہ دعوے سے کہہ سکتے ہیں کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی صحت اتنی خراب نہیں جتنا اس حوالے سے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف کی پولیٹیکل کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے کہا کہ ہم نے احتجاج کا اعلان کیا اور اسی دوران بانی پی ٹی آئی کی بیماری کا بیانیہ کارکنوں کے ذہنوں میں ڈال دیا گیا، جس کا مقصد اصل مسئلے سے توجہ ہٹانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کسی سے ذاتی دشمنی نہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہمیں ہمارے اصل مقصد سے ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہماری جدوجہد آئین، جمہوریت اور عوام کے حقِ رائے دہی کے لیے ہے۔
محمود اچکزئی نے مطالبہ کیا کہ ملک میں آزاد اور خودمختار الیکشن کمیشن کے تحت شفاف عام انتخابات کرائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام ادارے آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں اور پاکستان کی تشکیل نو کے عمل میں اپنا مثبت حصہ ڈالیں۔

