وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف کو پی ایم ایس (پمز) پر اعتماد نہیں ہے تو وہ عدالت میں جا کر اس کا اظہار کر سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو چاہیے کہ وہ ایک سیاسی جماعت کی طرح برتاؤ کرے اور قانونی راستہ اختیار کرے۔
رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کو عدالت میں جا کر اپنا مؤقف پیش کرنا چاہیے، کیونکہ ریاستی معاملات کو دباؤ یا بلیک میلنگ کے ذریعے نہیں چلایا جا سکتا۔
رانا ثنا اللّٰہ نے پاکستان تحریک انصاف کو ایک سال قبل انتخابات کی پیشکش کیے جانے سے متعلق خبروں کو بھی بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے یومِ آزادی کے موقع پر میثاقِ استحکامِ پاکستان کی پیشکش کی تھی، نہ کہ کسی جماعت کو علیحدہ طور پر انتخابات کی آفر دی گئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے ملاقاتوں اور ملاقاتیوں کے ذریعے امریکا میں مہم چلائی، جبکہ پارٹی کا مجموعی رویہ ریاستی اداروں کو بلڈوز اور بلیک میل کرنے کے مترادف ہے، جو کسی بھی سیاسی جماعت کے شایانِ شان نہیں۔

