امریکا نے سعودی عرب کو پیٹریاٹ میزائل سسٹم کی فروخت کی منظوری دے دی ہے، جس کی مجموعی مالیت تقریباً 9 ارب ڈالر بتائی جا رہی ہے۔ پینٹاگون کی جانب سے اس اسلحہ فروخت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کو جدید کیپیبلٹی میزائلز اور ان سے متعلقہ آلات فراہم کیے جائیں گے۔
پینٹاگون کے مطابق اس معاہدے کا مقصد سعودی عرب کی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانا اور فضائی خطرات سے نمٹنے کی استعداد میں اضافہ کرنا ہے، تاکہ خطے میں بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر سعودی دفاع کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا نے اسرائیل کو بھی 6.5 ارب ڈالر کے فوجی سازوسامان کی فروخت کی منظوری دی تھی۔ امریکی محکمہ خارجہ کے بیان کے مطابق اسرائیل کو فراہم کیے جانے والے فوجی سازوسامان میں 3.8 ارب ڈالر مالیت کے اپاچی ہیلی کاپٹر اور 1.98 ارب ڈالر مالیت کی لائٹ وہیکلز شامل ہیں۔
اس کے علاوہ اسرائیل کو نیمر آرمڈ پرسنل کیریئر کے پاور پیکس، لاجسٹک سپورٹ اور دیگر فوجی سازوسامان بھی فراہم کیا جائے گا۔ امریکی حکام کے مطابق ان معاہدوں کا مقصد اتحادی ممالک کی دفاعی صلاحیت کو بہتر بنانا اور خطے میں سکیورٹی توازن برقرار رکھنا ہے۔

