اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج پنجاب، خیبر پختونخوا اور دیگر کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ بعض مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور ژالہ باری کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی بلوچستان، بالائی سندھ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کے امکانات ہیں۔ جنوبی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی و وسطی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں آندھی اور موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
ملک کے باقی علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم آئندہ 24 گھنٹوں میں بعض مقامات پر جزوی طور پر بادل چھائے رہنے اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش بلوچستان کے علاقے بارکھان میں 12 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ لسبیلہ میں 11، ملتان ایئرپورٹ پر 8، گوجرانوالہ اور کاکول میں ایک ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔درجہ حرارت کے لحاظ سے سب سے زیادہ گرمی تربت میں پڑی جہاں پارہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا، جبکہ جیکب آباد، سبی، موہنجوداڑو اور دادو میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔