لیسکو کے چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد رمضان بٹ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور میں آنے والے شدید طوفان کے باعث بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا تھا، تاہم لیسکو کی ٹیموں نے جنگی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے شہر بھر میں بجلی کی بحالی یقینی بنا دی ہے۔
رمضان بٹ کے مطابق طوفان کے دوران 500 کے وی سسٹم سے بریک ڈاون ہوا اور 2300 فیڈرز بند ہو گئے تھے، جس کے باعث شہر میں بڑے پیمانے پر بجلی کی بندش دیکھنے میں آئی۔ تاہم انتہائی کم وقت میں تمام گرڈ اسٹیشنز کو فعال کر دیا گیا۔چیف ایگزیکٹو لیسکو نے مزید بتایا کہ اس وقت صرف وہی علاقے بجلی سے محروم ہیں جہاں درخت یا تاریں گرنے کی وجہ سے رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔ لیسکو کی تمام ڈسٹری بیوشن دفاتر اور اسٹورز رات بھر کھلے رہیں گے تاکہ فوری مرمت اور میٹریل کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔انہوں نے کہا کہ کل بھی تمام دفاتر کھلے رہیں گے اور وہ خود بحالی کے عمل کی مانیٹرنگ کریں گے ۔