قلندر بنیں گے سکندر یا گلیڈی ایٹرز کا ہوگا راج؟ پاکستان سپرلیگ کا سپر فائنل آج لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان فائنل میں کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے، ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو خوبصورت ٹرافی کے علاوہ انعامی رقم پانچ لاکھ ڈالرز دی جائے گی۔رنرز اپ ٹیم کو دو لاکھ ڈالرز ملیں گے۔ صدر مملکت آصف زرداری بھی میچ دیکھنے قذافی اسٹیڈیم آئیں گے۔گلیڈی ایٹرز نے لیگ مرحلے میں سات میچز جیت کر ٹاپ کیا۔ کوالیفائر میں اسلام آباد کو ہراکر فائنل میں جگہ بنائی، قلندرز نے لیگ مرحلے میں پانچ میچز جیتے، ایلمینیٹرزمیں پہلے کراچی کنگز، پھر اسلام آباد کوزیرکیا۔
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے پی ایس ایل 10 کے فائنل سے قبل کہا ہے کہ ہمیں مکمل یقین ہے کہ ہم فائنل جیتیں گے۔انہوں نے فائنل میں رسائی حاصل کرنے پر ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑیوں نے اہم موقع پر زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ بولر محمد عامر کا کہنا ہے کہ فائنل میں غلطی کی گنجائش نہیں ہوتی، اسی وجہ سے دباؤ ہوتا ہے۔ ہر ٹیم کا فائنل میں پہنچنا خواب ہوتا ہے، اس مرتبہ ہم فائنل کھیل رہے ہیں، ہمیں امید ہے ہم فائنل جیتیں گے۔