اسلام آباد:ملک میں آن لائن فراڈ کے ایک بڑے نیٹ ورک کا سراغ لگا کر ایف آئی اے اکنامک کرائم ونگ نے منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اس فراڈ میں مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں اور افراد کے ملوث ہونے کی تحقیقات جاری ہیں۔
ایف آئی اے انویسٹی گیشن ٹیم کے مطابق مقدمے میں شامل افراد نے مقامی نجی بینکوں کے تعاون سے ہزاروں لوگوں کو جعلی نوکریوں اور کاروبار کے جھانسے میں لے کر اربوں روپے مالیت کی رقم لوٹی ہے۔ مقدمے میں متعدد غیر ملکی کمپنیوں اور شہریوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ آن لائن فراڈ کا یہ نیٹ ورک منی لانڈرنگ میں بھی ملوث ہے اور ان افراد کو گرفتار کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس فراڈ کا حجم 50 ارب روپے تک پہنچ سکتا ہے۔رواں سال اب تک آن لائن فراڈ کی ایک لاکھ تیس ہزار سے زائد شکایات موصول ہو چکی ہیں، جو ملک میں اس قسم کے جرائم کی بڑھتی ہوئی تعداد کی نشاندہی کرتی ہیں۔

