اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ "جس قوم کے پاس آپ جیسے بہادر بیٹے ہوں، اسے کوئی دشمن شکست نہیں دے سکتا۔” یہ بات انہوں نے سی ایم ایچ بنوں میں شمالی وزیرستان میں دہشت گرد حملے میں زخمی ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کی عیادت کے موقع پر کہی۔
محسن نقوی نے زخمی جوانوں کی خیریت دریافت کی، ان کے حوصلے کو سراہا اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ زخمی جوانوں کے بلند حوصلے نے دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو مزید مضبوط کر دیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پوری قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کے ساتھ کھڑی ہے جو مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ زخمی جوانوں کا جذبہ قابلِ فخر ہے اور ان پر پوری قوم کو ناز ہے۔اس موقع پر آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے اور انہوں نے بھی زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔