جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کا سینئر ترین جج قرار دیدیا گیا۔ صدر زرداری نے ججز کی سینیارٹی طے کردی۔
صدر مملکت آصف زرداری نے جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آبادہائیکورٹ کا سینئر ترین جج قرار دیدیا، انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ججز سینیارٹی طے کردی۔صدر مملکت کے فیصلے کے بعد وزارت قانون نے ججز سینیارٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔صدر زرداری کے فیصلے کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس محسن اختر کیانی دوسرے اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب تیسرے سینئر جج ہوں گے۔
سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز کی ٹرانسفر کو درست قرار دیتے ہوئے سینیارٹی کا معاملہ صدر مملکت کو بھجوا دیا تھا۔سپریم کورٹ کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 ججز نے چیلنج کردیا تھا۔ منیر اے ملک نے ججز کی جانب سے سپریم کورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل جمع کرائی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ 19 نیس جون کا فیصلہ اپیل کے التواء تک معطل کیا جائے، ججز نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا بھی کی ہے۔