خضدار:پاک فوج کے زیرِ اہتمام تربیت حاصل کرنے والے بلوچستان لیویز کے ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں بلوچستان کے مختلف اضلاع خضدار، مستونگ، ژوب، شیرانی، چمن، بارکھان اور پشین سے تعلق رکھنے والے 331 ریکروٹس نے شرکت کی۔
یہ تمام ریکروٹس 24 فروری 2025ء سے چار ماہ کی پیشہ ورانہ، جسمانی اور آپریشنل تربیت میں مصروف رہے، جو پاک فوج کی نگرانی میں مکمل کی گئی۔ تربیت کے دوران انہیں نظم و ضبط، ہتھیاروں کے استعمال، قریبی لڑائی اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار کیا گیا۔پاسنگ آؤٹ پریڈ کے دوران مہمانِ خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور تربیت میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریکروٹس میں انعامات بھی تقسیم کیے۔ اس موقع پر ریکروٹس نے اپنی ٹریننگ کے دوران سیکھے گئے عملی مظاہرے پیش کیے، جن میں ہتھیار کے بغیر لڑائی اور ہتھیاروں کے درست استعمال شامل تھے۔
یہ تربیت یافتہ نوجوان اب بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے اور نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور عوامی خدمت کے نئے جذبے کے ساتھ لیویز فورس کی کارکردگی میں نمایاں بہتری کا ذریعہ بنیں گے۔فوجی تربیت اور انضمام کے اس عمل سے بلوچستان لیویز کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا اور خطے میں امن و امان کے قیام کے لیے جاری کوششوں کو نئی تقویت ملے گی۔