اسلام آباد : قومی آفات مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں اگلے تین سے چار روز کے دوران شدید مون سون بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ الرٹ میں شہریوں کو ممکنہ سیلاب، طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اور آندھی طوفان سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آج سے 5 جولائی تک اسلام آباد، راولپنڈی، کشمیر، پوٹھوہار، شمالی و وسطی خیبر پختونخوا، اور پنجاب کے متعدد اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارشوں کا امکان ہے۔ اس دوران پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور کوہاٹ میں سیلابی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک اور چکوال میں آج رات 9 بجے سے صبح 4 بجے تک شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال اور لاہور میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔
پنجاب کے نشیبی علاقے خصوصاً فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژن میں شہری سیلاب کا خطرہ ہے، جب کہ پہاڑی علاقوں جیسے ہزارہ، مالاکنڈ، آزاد کشمیر اور پیر پنجال میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ادھر، شمالی علاقوں کے دریا اور ندی نالے، جیسے دریائے کابل، دریائے سوات، چترال اور ہنزہ میں پانی کی سطح بڑھنے کی توقع ہے۔ این ڈی ایم اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔
سندھ کے شہریوں کے لیے بھی الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ 2 سے 5 جولائی کے دوران کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں شدید بارشوں کا امکان ہے، جس سے حیدرآباد اور ٹھٹھہ میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آندھی اور طوفان کے دوران کمزور عمارتوں، کچی دیواروں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں، کیونکہ تیز ہواؤں کے باعث حد نگاہ کم ہونے اور حادثات کے امکانات موجود ہیں۔این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔