کراچی: لیاری کے علاقے بغدادی میں گزشتہ روز گرنے والی پانچ منزلہ مخدوش رہائشی عمارت کے ملبے سے مزید دو لاشیں نکال لی گئیں، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 22 ہو گئی ہے۔ ریسکیو اداروں کے مطابق ملبے تلے اب بھی 20 سے زائد افراد دبے ہونے کا خدشہ ہے، جنہیں نکالنے کے لیے امدادی کام مسلسل جاری ہے۔
حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں خواتین، بچے اور بزرگ شامل ہیں، جبکہ ایک 3 ماہ کی بچی کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔ واقعے میں 8 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں مختلف اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ موقع پر موجود ریسکیو اہلکار جدید ٹیکنالوجی جیسے لائیو لوکیٹرز اور وائس ڈیٹیکٹرز کی مدد سے متاثرین کی تلاش میں مصروف ہیں۔