سکھر: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکھر میں محرم الحرام کا ملک کا سب سے بڑا اور قدیمی جلوس نکالا گیا، جس میں 10 لاکھ سے زائد عزادار شریک ہوئے۔ انہوں نے ملک بھر میں 27 ہزار سے زائد جلوسوں کے پرامن انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کوٹریبیوٹ پیش کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں اور مذہبی اشتعال انگیزی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی، عسکری اور حکومتی قیادت ایک پیج پر ہے، اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ادارے مکمل طور پر چوکس ہیں۔صحافیوں کے سوالات کے جواب میں انہوں نے آصف زرداری سے متعلق افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی باتیں وہی لوگ پھیلا رہے ہیں جنہیں اتحاد سے تکلیف ہو رہی ہے۔ انہوں نے کشمور، شکارپور اور کندھ کوٹ میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کا عندیہ بھی دیا۔