دنیا بھر میں ائیر لائنز کی مختلف غلطیاں سامنے آتی رہتی ہیں لیکن پاکستانی نجی ائیرلائن نے تو لاہور سے کراچی کے ڈومیسٹک مسافر کو پاسپورٹ اور ویزے کے بغیر ہی جدہ پہنچا دیا۔
کراچی کے رہائشی ملک شاہ زین احمد نے جیو نیوز کو بتایا کہ وہ فیکٹری کے معاملات کے سلسلے میں ایک ماہ تک لاہور میں تھا۔ 7 جولائی کو وہ واپس کراچی جا رہا تھا اور نجی ائیرلائن کی پرواز پی ایف 144 سے ٹکٹ حاصل کی۔ملک شازین احمد کے مطابق وہ علامہ اقبال ائیرپورٹ پہنچا، بورڈنگ پاس لیا، گیٹ نمبر 13 سے بس کے ذریعے رن وے پرکھڑے جہاز میں سوار ہونےکے لیے پہنچا، جہاں ائیر لائن کے دو جہاز قریب قریب کھڑے تھے، رات ہونےکی وجہ سے دیگر مسافروں کے ساتھ ایک جہاز میں سوار ہو گیا۔
ملک شاہ زین کے مطابق پرواز روانہ ہوئی تو اندازے سے اسے سوا گھنٹے میں کراچی پہنچ جانا تھا۔ سوا گھنٹہ، ڈیڑھ گھنٹہ اور پھر دو گھنٹے تک جہاز مسلسل پرواز کرتا رہا، لینڈنگ نہ ہوئی تو اسے تشویش ہوئی، اس نے عملے سے پوچھا کہ دو گھنٹے گزر گئے جہاز کراچی میں کیوں نہیں اترا؟ جس پر عملے کو تشویش ہوئی اور انہوں نے اس کا بورڈنگ پاس دیکھا تو وہ لاہور سےکراچی کی پرواز کا تھا۔ جس پر عملے میں کھلبلی مچ گئی تاہم اب کچھ نہیں کیا جاسکتا تھا کیونکہ جہاز پاکستان کی فضائی حدود سے گزر چکا تھا لہٰذا مسافر کو جدہ اتارا گیا، وہاں پر بھی مسافر سے پوچھ گچھ کی گئی۔
مسافرکو واپس 8 جولائی کو جدہ سے لاہور کی پرواز پی ایف 717 میں سوار کرکے واپس لاہور پہنچایا گیا، جہاں پر امیگریشن اور دیگر حکام نے پوچھ گچھ کی مگر قصور مسافر کا نہ تھا، جس پر مسافر کو 8 جولائی کو لاہور سے کراچی کی پرواز پی ایف 146 میں سوار کرا کر دو دن بعد منزل تک پہنچادیا گیا۔یہ معمولی نہیں فاش غلطی ہے، غلطی اگر مسافر کی بھی ہو مگر ہوا بازی، سکیورٹی اور دیگر سنگین نظام پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔
دوسری جانب ترجمان پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے مطابق کراچی کے مسافر کے جدہ پہنچ جانے کے دلچسپ معاملے کا حکام نے نوٹس لے لیا ہے۔ترجمان کے مطابق ریگولیٹر سول ایوی ایشن اتھارٹی اور اسٹیشن منیجر کو خط ارسال کردیا گیا ہے۔ خط میں شہری ہوا بازی کی ریگولیٹر سے غفلت کی مرتکب ائیرلائن کو بھاری جرمانے کی استدعا کی گئی ہے۔