حاصل پور میں تیز رفتار مسافر بس اور کار کے درمیان خوفناک تصادم سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ حاصل پور کے نواح میں چشتیاں روڈ پر اڈا محمد پناہ موڑ کے قریب اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار مسافر بس اور کار میں شدید تصادم ہوا۔کار میں سوار 8 افراد میں سے 3 افراد موقع پر جاں بحق ہوئے جبکہ دو زخمی اسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے۔ایک بچہ بہاولپور منتقل کرتے وقت جان کی بازی ہار گیا۔
جاں بحق افراد میں سردار محمد، ان کی اہلیہ عقیلہ بی بی، بیٹی ماہ نور، بھائی آصف نوید، بیٹا باسط نوید اور ایک کمسن بچہ شامل ہیں۔ حادثے میں شدید زخمی ہونے والے 3 افراد کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے بس کو تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔