اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) سیافری سمسودین نے ملاقات کی، جس میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے ملاقات کے دوران انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانٹو کے ساتھ قاہرہ میں ہونے والی اپنی ملاقات کو خوشگوار قرار دیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات میں پاکستان اور انڈونیشیا کے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات دیرینہ اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، اور وہ عالمی فورمز پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے انڈونیشیا کے ساتھ معاشی، تجارتی، دفاعی اور تزویراتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی، اور خاص طور پر مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر زور دیا۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان جاری دفاعی تعاون کے معاہدے کو عملی شکل دینے کے اقدامات میں تیزی لائی جائے گی۔
انڈونیشین وزیر دفاع نے صدر پرابوو کی جانب سے وزیراعظم اور پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا، اور کہا کہ انڈونیشیا پاکستان کے ساتھ دفاعی شعبے سمیت دیگر میدانوں میں تعلقات مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔