لیہ:ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی جانب سے پاک فضائیہ کے ہیروز کو خراجِ تحسین
لیہ (نیوز رپورٹر) تفصیلات کے مطابق آپریشن بنیان مرصوص کے ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرنے میں ضلع لیہ صوبہ پنجاب میں سبقت لے گیا۔ ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار کی جانب سے پاک فضائیہ کے ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے محبوب مائنر چوک میں جے 10 سی لڑاکا طیارے کا ماڈل اور سکواڈرن لیڈر کا مجسمہ نصب کروا لیا۔ چوک کا نام بنیان مرصوص 0-6 رکھ دیا ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاک فضائیہ نے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے 6 طیارے مارگرائے اور اسے دھول چٹادی۔ پاک فضائیہ کے جوانوں اور شاہینوں نے خصوصاً جے 10 سی لڑاکا طیارے کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے اپنی فضائی برتری کا لوہامنوایا جس نے پوری دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔ ضلعی انتظامیہ نے اس سلسلہ میں اپنے ہیروز کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے طیارے کا ماڈل اور سکواڈرن لیڈر کا مجسمہ لیہ چوبارہ روڈ پر نصب کرکے چوک کانام بنیان مرصوص 0-6 رکھ دیاہے۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر امیرابیدار کی اس کاوش کو بے حد سراہا ہے۔