اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے ملک و قوم کے لیے جانفشانی اور غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے والے 71 افراد کو سول ایوارڈز دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ ڈویژن میں ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں ان افراد کی خدمات اور قربانیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جنہوں نے مختلف مواقع پر اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر ملک و قوم کا تحفظ یقینی بنایا۔ اجلاس میں مجموعی طور پر 71 بہادر افراد کے لیے مختلف سول اعزازات کی منظوری دی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایسے سپوت جو اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر وطن کی خدمت کرتے ہیں، ان کی حوصلہ افزائی ہمارا قومی فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ "شہدائے وطن ہمارے سر کا تاج ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ غازی ہمارے ہیرو ہیں، جن کی جرات اور قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔”
محسن نقوی نے مزید کہا کہ شہداء اور غازیوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے جذبے کو نسل در نسل سراہا جاتا رہے گا۔اجلاس میں وزارت داخلہ اور کابینہ ڈویژن کے اعلیٰ حکام کے علاوہ ملک کے تمام صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے نمائندہ افسران نے بھی شرکت کی، جنہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں اپنا کردار ادا کیا۔یہ اقدام ان تمام افراد کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی ایک کوشش ہے جنہوں نے مشکل وقت میں قوم کے تحفظ کے لیے بے مثال جرات اور قربانی کا مظاہرہ کیا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ایسے فیصلے ملک میں قربانی، حب الوطنی اور عوامی خدمت کے جذبے کو مزید تقویت دیں گے۔