اسلام آباد:پاکستان ایئر فورس کے جدید جے ایف-17 تھنڈر بلاک 3 لڑاکا طیاروں اور سی-130 ہرکولیس ٹرانسپورٹ طیارے پر مشتمل فضائیہ کا خصوصی دستہ برطانیہ میں منعقد ہونے والے دنیا کے سب سے بڑے ملٹری ایئر شو رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو (RIAT) 2025 میں شرکت کے لیے برطانیہ پہنچ گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جے ایف-17 بلاک 3 طیاروں کی پرواز کے دوران ایندھن کی فراہمی کا مظاہرہ بھی پیش کیا گیا، جس میں پاک فضائیہ کے ایئر ٹینکر نے طویل فاصلے پر موجود لڑاکا طیاروں کو فضا میں ایندھن فراہم کیا۔ اس پیچیدہ اور تکنیکی مہارت کے حامل آپریشن نے پاک فضائیہ کی طویل فاصلے تک مؤثر کارروائیاں انجام دینے کی صلاحیت کا ثبوت فراہم کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق، جے ایف-17 تھنڈر بلاک 3، جدید ریڈار سسٹمز، لانگ رینج BVR میزائلز اور 4.5 جنریشن ٹیکنالوجی سے لیس ایک ایسا ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے جو موجودہ دور کے پیچیدہ دفاعی چیلنجز سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ حالیہ برسوں میں اس طیارے کی صلاحیتیں عالمی سطح پر تسلیم کی گئی ہیں۔
رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو میں شرکت کے لیے پاک فضائیہ کا سی-130 ہرکولیس طیارہ بھی تخلیقی آرٹ ورک کے ساتھ خصوصی انداز میں پیش کیا گیا ہے، جس نے شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی ہے۔ ایئر شو کی اس سال کی تھیم کے مطابق طیارے کو منفرد لوریری (livery) سے مزین کیا گیا ہے۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق، اس عالمی ایئر شو میں شرکت کا مقصد نہ صرف پاکستان کی فضائی طاقت اور عسکری مہارت کا مظاہرہ کرنا ہے بلکہ ہوا بازی کے شعبے میں بین الاقوامی تجربات سے استفادہ کرنا بھی ہے۔ اس موقع پر پاک فضائیہ دنیا کو یہ پیغام دے رہی ہے کہ وہ نہ صرف ایک پیشہ ور اور تکنیکی طور پر جدید فضائی قوت ہے بلکہ عالمی امن اور سیکیورٹی میں مثبت کردار ادا کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔ایئر شو میں شرکت کے بعد پاک فضائیہ کے وفد کی بین الاقوامی ماہرین، پائلٹس اور دفاعی مبصرین سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جو پاکستان کے لیے نئے دفاعی تعاون اور اشتراک کے مواقع فراہم کر سکتی ہیں۔