اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کو ملانے والی ریلوے لائن خطے میں تجارت کا ایک نیا دور شروع کرے گی، جس کے ذریعے وسطی ایشیائی ممالک کا تجارتی سامان پاکستانی بندرگاہوں سے دنیا بھر میں بھیجا جا سکے گا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت شپنگ سیکٹر اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (PNSC) سے متعلق اصلاحات پر جائزہ اجلاس ہوا، جس میں شعبے کی بہتری کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ شپنگ سیکٹر میں نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے منصوبہ تیار کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ شپنگ اور ریلوے نظام کو جدید بنانے سے پاکستان نہ صرف علاقائی ٹریڈ کا مرکز بن سکتا ہے بلکہ قیمتی زرمبادلہ بھی کما سکتا ہے۔ شہباز شریف نے فریٹ کی مد میں بیرون ملک جانے والے زرمبادلہ کو بچانے کے لیے ملکی بحری بیڑے میں نئے جہاز شامل کرنے کی بھی ہدایت دی۔
وزیراعظم نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو کارپوریٹ اصولوں پر استوار کرنے اور شفافیت و کارکردگی بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیا۔ انہوں نے وزارتِ بحری امور اور PNSC سے پائیدار اور مؤثر بزنس ماڈل بھی طلب کیا، تاکہ شپنگ سیکٹر ملکی معیشت میں بھرپور کردار ادا کر سکے۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد چیمہ، جنید انور چوہدری اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔