اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے سربراہان اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں تمام اداروں کے مابین کوآرڈینیشن بڑھانے اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ ذیلی اداروں کے درمیان تعاون کی کمی ہے جسے فوری طور پر درست کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کے مابین مربوط رابطہ اور اشتراک سے نہ صرف کام کی رفتار بڑھے گی بلکہ عوام کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔وزیر داخلہ نے تمام ذیلی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ تین دن کے اندر قواعد و ضوابط میں ممکنہ تبدیلیاں اور ضروری سفارشات پیش کریں۔ ساتھ ہی وفاقی سیکرٹری داخلہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام تجاویز کی روشنی میں حتمی منصوبہ مرتب کریں۔
اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری، سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹریز، ڈی جی ایف آئی اے، کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، ڈی جی نیشنل پولیس بیورو، ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن، ڈی جی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی سی اسلام آباد، چیف آپریٹنگ آفیسر نادرا اور ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس فورس بھی موجود تھے۔